ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہنگائی کے خلاف کانگریس کی تحریک شروع، ایک ہفتہ تک منعقد ہوگی مہنگائی چوپال

مہنگائی کے خلاف کانگریس کی تحریک شروع، ایک ہفتہ تک منعقد ہوگی مہنگائی چوپال

Wed, 17 Aug 2022 10:33:52    S.O. News Service

نئی دہلی، 17؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی)  کانگریس پارٹی مہنگائی کے حوالہ سے مرکز کی نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت پر لگاتار حملہ کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں اب پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں گراں بازاری کے خلاف ’مہنگائی چوپال‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کی مہنگائی چوپالوں کو تمام اسمبلی انتخابی حلقوں، خوردہ بازاروں اور دیگر مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔

کانگریس پارٹی کی جانب سے مہنگائی چوپالوں کا انعقاد آج یعنی 17 اگست سے 23 اگست تک کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی اس تحریک کے اختتام پر دہلی کے رام لیلا میدان پر ’مہنگائی پر ہلہ بول‘ کے نام سے عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کرے گی۔ خیال رہے کہ پارٹی نے حال ہی میں مہنگائی کے معاملہ پر ملک گیر احتجاج کیا تھا۔

کانگریس پارٹی کی جانب سے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کے دوران راہل گاندھی اور متعدد پارٹی لیڈران کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا جب وہ مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس سے صدارتی محل تک مارچ نکال رہے تھے، پولیس نے انہیں وجے چوک پر ہی روک لیا تھا۔ وہیں، کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کو بھی پارٹی کے دفتر کے باہر حراست میں لے لیا گیا تھا۔ راہل اور پرینکا کو پولیس نے تقریباً 6 گھنٹے نظربند رکھنے کے بعد رہا کیا تھا۔

احتجاج سے عین قبل پریس کانفرنس کے ذریعے بھی راہل گاندھی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کو کئی بھی ادارہ آج آزاد اور غیرجانب دار نہیں ہے اور ہر ایک چیز پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے۔


Share: